ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کے بعد مصافحہ نہ کرنے پر خبروں کی زینت بننے والے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ مثبت ہے۔
عمان کے خلاف میچ جیتنے کے بعد یادو نے حریف کھلاڑیوں کے ساتھ غیرمعمولی دوستانہ رویہ اپنایا، خاص طور پرعمانی اوپنرعامرکلیم، جوکراچی میں پیدا ہوئے اور بھارت کے خلاف شاندار 64 رنزکی اننگز کھیلنے پربھارتی کپتان نے خصوصی طورپرگلے لگایا اورسراہا۔
میچ کے اختتام پرسوریا کماریادو خود عمانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس گئے، جہاں ڈپٹی ہیڈ کوچ نے ان کا تعارف کرایا۔
بھارتی کپتان نے عمانی کپتان جتندر سنگھ سمیت دیگر کھلاڑیوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی، انہیں بیٹنگ تکنیک کے حوالے سے مشورے دیے اورمیدان میں بے خوف کھیل پیش کرنے پرسراہا۔
انہوں نے خاص طورپرعامرکلیم اورحماد مرزا کی نصف سنچری اننگزکو یادگارقراردیا اور کہا کہ ان کی بیٹنگ اپنے ملک کے نوجوان کرکٹرزکے لیے ایک مثال ہے۔
اس موقع پرعمانی کھلاڑیوں نے بھارتی کپتان کے ساتھ گروپ فوٹوزاورسیلفیاں بھی بنوائیں، جن کے دوران کھلاڑیوں کے چہروں پرخوشی اورجوش نمایاں تھا۔
سوریا کمار یادو کے اس رویے نے شائقین کرکٹ کو بھی حیران کیا جو ابھی چند روز قبل ان کے ’’نو ہینڈ شیک‘‘ تنازع پر بحث کررہے تھے۔
ایک میچ جیتنے کا مطلب برتری نہیں، بھارتی کپتان
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رویہ خطے میں کھیل کے ذریعے تعلقات بہتر بنانے کی ایک مثبت جھلک ہے۔
