ابوظہبی، ایشیا کپ 2025 کے گروپ اے کے بارہویں میچ میں بھارت نے عمان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 21 رنز سے شکست دے دی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر188 رنزاسکورکیے۔
بھارت کی طرف سے اوپنرابھشیک شرما نے شاندار بیٹنگ کی اور صرف 15 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی، سنجو سیمسن نے 56 رنز کے ساتھ ٹیم کو سہارا دیا جبکہ اکشر پٹیل نے 13 گیندوں پر 26 رنز بنا کر اسکور میں قیمتی اضافہ کیا، عمان کے گیند باز شاہ فیصل اورعامرکلیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں عمان کے کپتان جتندر سنگھ نے 32 رنز بنائے، تاہم اصل مزاحمت عامر کلیم اور حماد مرزا نے پیش کی۔ عامر کلیم نے 46 گیندوں پر 64 رنز اسکور کیے جبکہ حماد مرزا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 51 رنز جوڑے۔
دونوں بلے بازوں نے بھارتی بولرز کے لیے مشکلات ضرور پیدا کیں لیکن ان کی کاوشیں ٹیم کو فتح نہ دلا سکیں۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، ہرشیت رانا، کلدیپ یادیو اورارشدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 167 رنز بنا سکی اور یوں بھارت نے میچ 21 رنز سے جیت لیا۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع
اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے گروپ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ عمان کی ٹیم اچھی بیٹنگ کارکردگی کے باوجود ہدف کے قریب پہنچ کرہمت ہارگئی۔
