اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
بورڈ نے اسلام آباد کے قبرستانوں میں قبر کھدائی اورمیت بس کے تمام چارجز معاف کرنے کی منظوری دیدی، چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ اسلام آباد کے تمام قبرستانوں کومزید میت بسیں فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فارغ التحصیل گریجویٹس کی خدمات انٹرنشپ پروگرام کے تحت سی ڈی اے میں حاصل کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو روزگاراورعملی تربیت فراہم کی جا سکے۔
اس کے ساتھ ہی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے دفترکے قیام کے لیے جگہ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
مزید برآں پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے لئے زمین کی الاٹمنٹ کو قواعد و ضوابط کے مطابق مشروط منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی ڈی اے بورڈ نے ایک اور اہم تجویز بھی پیش کی کہ سیکٹر ایف-10 کی سروس روڈ کو پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ ارشد ندیم کے نام سے منسوب کیا جائے، یہ تجویز حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیج دی جائے گی۔
چین سے بلوچستان کے لئے 21 گرین بسیں روانہ، کوئٹہ اور تربت میں چلائی جائیں گی
چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کے دوران زوردیا کہ بورڈ کے تمام فیصلوں پرعمل درآمد میں شفافیت اوراحتساب کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کا اعتماد ادارے پر مزید بڑھے اور ترقیاتی منصوبوں میں بہتری آئے۔
