آئی سی سی کی جانب سے ایشیا کپ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کرنے پر پی سی بی نے آئی سی سی کو جوابی خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے خط میں ایک بار پھر اپنا موقف دہرا تے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل کرے۔
خط میں کہا گیا کہ اینڈی پائی کرافٹ نے سپرٹ آف کرکٹ کو پامال کیا، میچ ریفری نے دانستہ طور پر بھارتی ٹیم کیخلاف کارروائی نہیں کی۔
پی سی بی چاہتا ہے کہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک روز قبل بھی آئی سی سی کے نام خط تحریر کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آج یو اے ای کیخلاف کھیلی گی یا نہیں فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے، ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں مزید کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ آج کیے جانے کا امکان ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتی عہدیداران کی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کے کیا جائے گا، واضح رہے کہ قومی ٹیم نے گزشتہ شب آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تھا لیکن دبئی میں شیڈول پریس کانفرنس ملتوی کردی تھی۔
آئی سی سی نے پی سی بی کا میچ ریفری ہٹانے کا مطالبہ مان لیا، بھارتی میڈیا
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو پاکستانی میچوں سے ہٹا دیا ہے لیکن آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
