بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے پی سی بی کا میچ ریفری ہٹانے کا مطالبہ مان لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے مطالبے پر ایشیا کپ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو پاکستان کے باقی میچز سے ہٹا دیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ میچ سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا ہے، آئی سی سی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی تبدیلی پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
موقر قومی اخبار کی ویب سائٹ نے ٹیم ذرائع کے حوالے سے کہا کہ تیاریاں مکمل ہیں اور میچ شیڈول کے مطابق ہو گا، اینڈی پائی کرافٹ کے بغیر میچ کھیلیں گے وہ بطور میچ ریفری قبول نہیں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای میچ میں رچی رچرڈسن کی تقرری کا امکان ہے۔ میچ ریفری کے حوالے سے ابھی تک ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی ٹیم بھی میچ کے لیے تیار ہے، دونوں ٹیموں کے دو دو پوائنٹس ہیں، جیتنے والی ٹیم اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر جائے گی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے میچز میں اینڈی پائی کرافٹ بطور میچ ریفری خدمات انجام نہیں دیں گے، پاکستان کے اگلے میچ میں رچی رچرڈسن کو میچ ریفری رکھا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے واضح موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اینڈی پائی کرافٹ کا بھارت کے خلاف میچ کے دوران رویہ جانبدارانہ تھا اور میچ ریفری نے ٹاس کے وقت روایتی مصافحہ نہ ہونے دیا جو کھیل کی روح کے منافی ہے۔
اس پر پی سی بی نے آئی سی سی سے ایشیا کپ سے میچ ریفری پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو اپنے موقف میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور آئی سی سی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹا دیا ہے۔ وہ پاکستان کے باقی میچوں میں ریفری نہیں ہوں گے۔
پاکستان نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے باقی میچوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا،دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت میچ کے تنازع کے بعد ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
پاکستان کا ایشیا کپ میں آئندہ میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ مؤخر
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کرکیا جائے گا۔آج پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ ہے، پی سی بی کی جانب سے حتمی فیصلے کے بعد ہی میچ کے بارے میں واضح ہو گا۔
