دبئی: پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھارتی ٹیم کے دوران میچ اور اختتام پر رویئے کو انتہائی مایوس کن قرار دے دیا۔
پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاک بھارت میچ کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھے۔ تاہم بھارتی کھلاڑی ہاتھ ملائے بغیر ہی چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ڈریسنگ روم میں چلی جو انتہائی مایوس کن ہے۔ بھارتی ٹیم کے اس رویئے پر ہم نے کپتان سلمان علی آغا کو اختتامی تقریب میں نہیں بھیجا۔ بھارتی ٹیم نے جو حرکت کی اس پر پاکستانی رد عمل فطری تھا۔
پاکستان ٹیم انتظامیہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میچ ریفری کو بھارتی کھلاڑیوں کے رویئے کی شکایت کر بھی کر دی۔ جس میں بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں کے رویئے کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔
واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے اختتام پر جب بھارت نے پاکستان کے خلاف فتح حاصل کی تو 47 رنز پر ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے والے بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو اور 10 رنز پر کھیلنے والے شیوم دھوبے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی میدان سے باہر چلے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹر روایات ہی بھول بیٹھے، جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ہی نہ ملایا
سوریا کمار یادیو نے میدان سے باہر پہنچتے ہی باقی بھارتی کھلاڑیوں کو بھی ڈریسنگ میں بُلا لیا۔ تاہم اس دوران پاکستانی ٹیم میدان میں ہی موجود رہی۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر بھی پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
