ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل دبئی میں گرین شرٹس کے حق میں جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔ کرکٹ کے دیوانے شائقین اس وقت دبئی میں بڑی تعداد میں موجود ہیں اور سوشل میڈیا سمیت گراؤنڈ کے ماحول پر بھی پاکستان کے حمایتی چھائے ہوئے ہیں۔
شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارت اور پاکستان دونوں ٹیموں کے چاہنے والے دبئی میں موجود ہیں، لیکن تعداد کے اعتبار سے اس بار پاکستانی مداح زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔ اس حوالے سے مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی بحث جاری ہے ۔
پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد دبئی میں مقیم ہے جس نے میچ سے قبل ہی شہر کو سبز جھنڈوں، پوسٹرز اور قومی ٹیم کے نعروں سے رنگ دیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی شائقین بھی اپنی ٹیم کی حمایت کے لیے میدان میں ہیں، مگر پاکستانی شائقین کی اکثریت کے باعث فضا زیادہ سبز رنگ میں ڈھلی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ عوامی جوش پاکستانی ٹیم کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہوگا اور پلیئرز کو دباؤ کم کرنے میں مدد دے گا۔
بھارت کیخلاف میچ،پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہمیشہ شائقین کرکٹ کے لیے کسی فائنل سے کم نہیں ہوتا، اور آج دبئی میں ہونے والے اس میچ میں بھی شائقین کی توجہ کا مرکز پاکستانی ٹیم بنی ہوئی ہے۔
