دبئی: ایشیا کپ میں کا سب سے بڑا دنگل آج سجے گا۔ روایتی حریفوں پاک بھارت کرکٹ ٹیموں میں آج کی فاتح سپرفور میں رسائی حاصل کر لے گی۔
ایشیا کپ کا سب سے اہم میچ آج کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
دونوں ٹیموں نے ایونٹ کا کامیاب آغاز کیا۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں عمان کو 93 رنز سے شکست دی۔ پہلے میچ میں محمد حارث نے اچھی کارکردگی دکھائی اور 66 رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسری جانب بھارت نے بھی متحدہ عرب امارات کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایشیا کپ کا شاندار آغاز کیا۔ میزبان ٹیم 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت نے آسان ہدف صرف 4.3 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔
بھارت کی مضبوط بولنگ لائن کے خلاف پاکستانی بیٹرز کو ذمہ داری سے کھیلنا ہو گا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم نے اپنے منصوبے پر عمل کیا تو ہم کسی بھی حریف کو ہرا سکتے ہیں۔ گزشتہ 2،3 ماہ سے ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں ہمیں اب بھی محنت کی ضرورت ہے البتہ باؤلرز کی کارکردگی غیرمعمولی رہی۔
میچ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے شائقین کو بہتر رویہ اپنانے کی ہدایت کرنے کے ساتھ قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزاؤں کی بھی یاد دہانی کرا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ، پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی پنجاب کنگز کی متنازع پوسٹ، کراچی کنگز کا بھرپور جواب
دبئی میں دونوں ٹیموں کا آخری مقابلہ ستمبر 2022 میں ہوا تھا جب پاکستان نے محمد نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی اور محمد رضوان کے 71 رنز کی بدولت 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی تھی۔ اس ٹیم میں شامل فخر زمان، خوشدل شاہ اور حارث رؤف ہی موجودہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
