کراچی میں ترقیاتی کاموں کے باعث کلب روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کلب روڈ کی بندش کے دوران ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت بھی مکمل طورپرممنوع ہوگی تاکہ ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیے جا سکیں اورشہریوں کوکم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اورٹریفک کی بلا تعطل روانی برقراررکھنے کیلئے متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا ہے، اس پلان کے مطابق شارع فیصل سے سلطان آباد جانیوالی ٹریفک فوارہ چوک اورایوان صدر روڈ سے گزرسکتی ہے۔
اسی طرح سلطان آباد سے آنے والی ٹریفک پی آئی ڈی سی سے بائیں جانب مڑ کرایوان صدر روڈ یا میری ویدر ٹاور سے ہوتے ہوئے دوبارہ شارع فیصل کا راستہ اختیارکرسکتی ہے۔
کلفٹن سے آنے والے شہریوں کے لیے بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ہوشنگ چوک سے بائیں جانب مڑیں اور ڈاکٹر ضیاالدین روڈ سے گزرتے ہوئے پی آئی ڈی سی کے راستے اپنی منزل تک پہنچیں۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری متبادل راستوں پر عمل کریں، ٹریفک پولیس کی ہدایات پرعمل درآمد یقینی بنائیں اور قوانین کی پاسداری کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثرنہ ہو۔
پنجاب پبلک سیفٹی موبائل ایپ اب بغیر انٹرنیٹ دستیاب
ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور وقت سے پہلے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
