اسلام آباد، سپریم کورٹ نے چیف جسٹس، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججزکے سیکیورٹی پروٹوکولز میں بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا ہے۔
عدالت عظمیٰ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کو فراہم کی جانے والی سرکاری گاڑیوں کی تعداد آٹھ سے کم کرکے دو کردی گئی ہے جبکہ اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کومعمول کی پولیسنگ ڈیوٹی پرواپس بھیج دیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حاضرسروس ججزکی سیکیورٹی کو قواعد و ضوابط کے مطابق ریگولیٹ کردیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی اہلکاروں کا مؤثراستعمال یقینی بنایا جا سکے۔
ریٹائرڈ ججز کے حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ انہیں صدارتی حکم نامے اورقوانین کے تحت تاحیات سیکیورٹی حاصل ہے، خاص طورپران ججزکوجنہوں نے حساس نوعیت کی ذمہ داریاں سرانجام دی ہیں یا جنہیں سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ وزارت داخلہ اورتمام صوبائی ادارے ان نئے سیکیورٹی پروٹوکولزپرسختی سے عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
عدلیہ کو انصاف فراہم کرنے کے سفر میں چیلنجز کا بھی سامنا ہے، چیف جسٹس
اس فیصلے کا مقصد سیکیورٹی وسائل کا بہتراورشفاف استعمال کرنا ہے تاکہ اضافی نفری کوعوامی خدمت اورامن و امان کی صورتحال میں بروئے کارلایا جا سکے۔
