الائچی ایک خوشبودار مصالحہ ہے، جو اپنی خوشبو، ذائقے اور طبی خصوصیات کی بدولت نہ صرف کھانوں کو مزیدار بناتی ہے، بلکہ صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد رکھتی ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق الائچی میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار موجود ہے، جو بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کو جب روزانہ تین گرام الائچی کا پاؤڈر دیا گیا تو 12 ہفتوں میں ان کا بلڈ پریشر نارمل سطح پر آ گیا، اسی طرح جانوروں پر کی جانے والی اسٹڈیز بتاتی ہیں کہ یہ کینسر سے لڑنے والے خلیوں کو طاقتور بناتی ہے اور ٹیومرز کی نشوونما کو کم کرتی ہے۔
جلد، ہڈیوں اور دل کیلئے سیب کتنا فائدہ مند؟ تحقیق نے کیا بتایا
الائچی کے دیگر حیران کن فوائد میں اینٹی بیکٹیریل اثرات، جسم میں سوزش کی کمی، سانس لینے میں بہتری، شوگر کنٹرول، جگر کی حفاظت اور وزن میں کمی شامل ہیں، کچھ تحقیقات کے مطابق یہ ذہنی دباؤ اور بے چینی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ مصالحہ معدے کے مسائل جیسے متلی، بدہضمی اور السر میں بھی فائدہ دیتی ہے، اور معدے کو نقصان پہنچانے والے بیکٹیریا سے بھی محفوظ رکھتی ہے، اس کے علاوہ یہ منہ کی بدبو دور کرنے اور دانتوں کے امراض سے بچاؤ کے لیے بھی صدیوں سے استعمال ہو رہی ہے۔
اگرچہ زیادہ تر تحقیقات جانوروں یا لیبارٹری کے تجربات پر مبنی ہیں، مگر پھر بھی ماہرین کا ماننا ہے کہ الائچی کو روزمرہ کھانوں میں شامل کرنا صحت کے لیے مفید اور محفوظ ہے۔
