لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے جدید فنی تربیت کا آغاز کر دیا۔
پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے ووکیشنل ٹریننگ اور سرٹیفیکیشن کا آغاز کر دیا گیا۔ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور جیل خانہ جات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کر دیئے گئے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ منصوبے میں پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو جدید فنی تربیت دی جائے گی۔ اور قیدیوں کو مختلف ہنر سکھا کر معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو الیکٹرک مشینری، موبائل ریپئرنگ، سلائی کڑھائی اور کمپیوٹر کی تربیت دی جائے گی۔ کار مکینک، اے سی مکینک، پلمبر اور دیگر فنی ہنر کی تربیت بھی دی جائے گی۔ جبکہ پی وی ٹی سی کی جانب سے جیلوں میں ماہر اساتذہ فراہم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: صحافیوں پر تشدد، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے غیر مشروط معافی مانگ لی
سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ کورس اور امتحان کی کامیاب تکمیل پر سرٹیفیکیٹ دیئے جائیں گے۔ اور باقاعدہ تربیت سے قیدیوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
