پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی نے 37 سال بعد اپنے قواعد و ضوابط میں جامع ترامیم کرتے ہوئے رولز آف پروسیجر 2025 منظور کر لیے ہیں۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق ان نئے قواعد کا مقصد قانون سازی کے عمل کو مزید فعال، مؤثر اور عوام دوست بنانا ہے۔
نئے قواعد کے تحت عوامی درخواستوں کو اسمبلی میں پیش کرنے کا باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو قانون سازی میں براہ راست شرکت کا موقع ملے گا۔
اس کے علاوہ، قائمہ کمیٹیوں کے اختیارات میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں از خود نوٹس لینے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے، جو شفاف اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے میں مددگار ہوگا۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ نئے قواعد میں کمیٹی چیئرمین کو ہٹانے کا طریقہ کار بھی واضح کیا گیا ہے، تاکہ شفاف احتساب ممکن ہو۔
مزید برآں، قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینز کی ہم آہنگی کے لیے ایک نئی کونسل قائم کی جائے گی، اسی طرح، سابق اسپیکرز پر مشتمل “کونسل آف اسپیکرز” کی تشکیل بھی کی جائے گی جو پارلیمانی روایات کے فروغ میں کردارادا کرے گی۔
ضمانت خارج ہونے پر داؤد خان جتوئی گرفتار
یہ اصلاحات صوبائی اسمبلی کے پارلیمانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہیں۔
