اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میجر عدنان اسلم نے خارجیوں سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کے والد کا حوصلہ بلند تھا۔ اور انہیں بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔ میجر عدنان اسلم کی بہنوں نے کہا بھائی نے عظیم قربانی دی۔
انہوں نے کہا کہ کئی فوجی افسران اور جوانوں نے شہادتیں دے کر تاریخ رقم کی۔ اور پاکستانی قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ اور پراپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ہو گا۔ لوگ سوشل میڈیا پر اداروں کی تضحیک کر رہے ہیں۔ جبکہ بیرون ملک اور پاکستان میں موجود فتنے کی شناخت اور خاتمہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور فتنے کا خاتمہ کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ اور ہمیں آخری حد تک جا کر فتنے کا سر کچلنا ہو گا۔ قربانی دینے والوں کے لواحقین کی کیفیت کو کوئی نہیں جانتا۔ ہمیں اپنے شہدا کا شکرگزار ہونا چاہیے۔
دورہ چین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ چین کامیاب رہا اور ایس سی او اجلاس کے دوران اہم ملاقاتیں کیں۔ دورہ چین کے دوران بزنس کانفرنس مفید اور مؤثر رہی۔ تاہم ہمیں فالواپ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی ورنہ نتیجہ صفر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر کو احسن اقبال چین جائیں گے۔ اور وہاں اینڈی آر سی میں سی پیک ٹو کا اعلان ہو گا۔ احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ اور منصوبوں میں 85 فیصد سرمایہ کاری چین اور 15 فیصد پاکستان کی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
شہباز شریف نے کہا کہ چین اقتصادی اور عسکری قوت بن چکا ہے۔ جبکہ گزشتہ روز بھی امریکی کمپنیوں سے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ تاہم امریکہ سے تعلقات اور چین کے ساتھ تذویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔
سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور اب سندھ متاثر ہو رہا ہے۔ کابینہ موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان کر رہی ہے۔ اب وفاق اپنا کردار ادا کرے گا۔ اور صوبائی حکومتیں اپنا حصہ ڈالیں۔
قطر میں اسرائیلی حملے پر ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حماس قیادت پر اسرائیل نے حملہ کیا۔ امیر قطر کو فون کر کے اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔ اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان قطر کے شانہ بشانہ ہے۔
