لاہور سے جدہ جانے والے عمرہ زائرین کی پرواز کو 2 بار کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔
لاہور سے جدہ روانہ ہونے والے عمرہ زائرین کی پرواز کو فنی خرابی کے باعث ایک ہی روز میں 2 بار کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پہلی پرواز پی اے 470، ایئر بس اے 320 لاہور سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی۔ تاہم دوران پرواز فنی خرابی کے باعث طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عمرہ زائرین کو ہوٹل منتقل کیا گیا اور طیارے کو پرواز کے قابل نہ سمجھتے ہوئے گراؤنڈ کر دیا گیا۔ اس دوران ایئرلائن انتظامیہ نے مسافروں کے لیے دوسرے طیارے کا انتظام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مزدوروں کی کم از کم اُجرت مقرر، نوٹیفکیشن جاری
گزشتہ شب عمرہ زائرین کو ایک بار پھر کراچی ایئرپورٹ سے جدہ کے لیے روانہ کیا گیا تاہم روانگی کے فوری بعد ہی جہاز کو ایمرجنسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا اور چند لمحوں بعد ہی دوبارہ کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔
انتظامیہ کے مطابق طیارے کے ساتھ پرندہ ٹکرا گیا تھا جس کی اطلاع پائلٹ نے ایئرٹریفک کنٹرول کو دی۔ اور حفاظتی انتظامات کے تحت پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ اس طیارے کو بھی گراؤنڈ کر دیا گیا۔
