وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کی گئی جارحیت پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ اسرائیلی جارحیت نہ صرف ایک غیرقانونی اقدام ہے بلکہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پربراہ راست حملہ ہے۔
وزیراعظم نے قطری شاہی خاندان، حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہرحال میں مظلوم اقوام اور اپنے برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ دہرایا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں امیرقطر نے وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اوراس عزم کا اظہار کیا کہ قطر اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرے گا۔
صدرمملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ قطرکی خودمختاری پراسرائیلی حملہ ناقابل قبول ہے ایسے اقدام خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں، حملے سے بے گناہ شہریوں میں خوف وہراس اورجانی نقصان ہوا۔
ترجمان دفترخارجہ نےکہا کہ اسرائیلی جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹراور بین الاقوامی امن کی صریح خلاف ورزی ہے، اسرائیل خطے کوغیرمستحکم کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے جس کے نتائج نہایت خطرناک ہو سکتے ہیں۔
پاکستان قطرکی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے حق میں اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے اوربلا اشتعال جارحیت کے خلاف قطرکیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتا ہے۔
دفاع اور خودمختاری کے تحفظ میں ساتھ کھڑے رہینگے ، سعودی ولی عہد کا امیر قطر سے رابطہ
ترجمان دفترخارجہ نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے اقدامات پرجواب دہ بنائے اور خطے میں امن و سلامتی کولاحق خطرات کا فوری تدارک کرے۔
