بھارتی اداکارہ نویا نائر کو پھول لے جانے پر آسٹریلوی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔ بیگ سے جیسمین کے گجرے برآمد ہونے پر بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا۔
ملیالم فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نویا نائر کو آسٹریلیا کے میلبورن ایئرپورٹ پر روکا گیا۔ تلاشی کے دوران ان کے بیگ سے 15 سینٹی میٹر لمبے جیسمین کے گجرے برآمد ہوئے۔
گجرے برآمد ہونے پر اداکارہ کو ایک لاکھ 14 ہزار بھارتی روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں جیل کی ہوا کھانا پڑتی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے آئی ہیں۔ اور یہ پھول ان کے والد نے خرید کر دیئے تھے۔ جن میں سے میں نے کچھ گجرے پہن لیے اور کچھ بیگ میں رکھ لیے تھے۔ جنہیں بعد میں پہننا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی کامیڈین ذاکر خان بیمار، اسٹیج شوز سے دوری اختیار کرنے کا اعلان
اداکارہ نے کہا کہ انہیں آسٹریلیا کے اس قانون کا معلوم نہیں تھا کہ وہاں پھول لے جانے پر پابندی ہے ورنہ وہ ضرور قانون کی پاسداری کرتیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں پھول اور پودے لے جانے پر پابندی ہے۔
یاد رہے کہ ملیالم اداکارہ نویا نائر نے 2001 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اور وہ ریاست کیرالا کی ایوارڈ یافتہ اداکارہ ہیں۔
اس سے قبل بھی ایک بھارتی اداکارہ کو سونا اسمگل کرنے کی کوشش میں بنگلور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اور انہیں اس جرم میں سزا اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
