کراچی: وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ایم ایل ون کا جون 2026 میں کراچی کینٹ سے افتتاح کریں گے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی ) کے دورے پر پہنچے۔ جہاں چیئرمین کے پی ٹی نے حنیف عباسی کا خیرمقدم کیا۔ چیئرمین کے پی ٹی نے حنیف عباسی کو بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر حنیف عباسی نے کہا کہ ایم ایل ون پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جون 2026 میں ایم ایل ون کا کراچی کینٹ اسٹیشن سے افتتاح کریں گے۔
واضح رہے کہ ایم ایل ون پاکستان ریلوے کا سب سے اہم اور مرکزی ریلوے ٹریک ہے جو کراچی سے پشاور تک جائے گا۔ یہ لائن پاکستان کے سب سے بڑے شہروں کو آپس میں جوڑے گی۔ یہ منصوبہ تجارتی، اقتصادی، اور سفری لحاظ سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
ایم ایل ون پاکستان ریلوے کی اپ گریڈیشن اور جدید کاری کا ایک بڑا منصوبہ ہے۔ جو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ، سدھنائی کینال میں شگاف ، ملتان کیلئے 24 گھنٹے انتہائی اہم
حکام کے مطابق ایم ایل ون سے سفر کا دورانیہ کم ہو جائے گا۔ جبکہ حادثات میں بھی کمی آئے گی۔ اس منصوبے سے روزگار کے بھی مواقع پیدا ہوں گے۔ اور ریلوے کی آمدنی بڑھے گی۔
ایم ایل ون منصوبے سے مال برداری میں اضافہ ہو گا۔ اور اس سے معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔
اس منصوبے کا روٹ کراچی سے پشاور ہے جو تقریبا 1872 کلومیٹر بنتا ہے۔ پرانے ٹریک پر اس وقت ٹرین کی موجودہ رفتار 65 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ تاہم ٹریک اپ گریڈ ہونے کے بعد ٹرین کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ اور اس منصوبے پر لاگت تقریباً 6 سے 7 ارب ڈالر آئے گی۔
