سہ ملکی سیریز میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں یو اے ای کے محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی میں کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔ محمد وسیم نے افغانستان کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 37 گیندوں پر 67 رنز کی تیز اننگز کھیلی، انہوں نے چھ چھکے اور چار چوکے بھی لگائے۔
سہ ملکی سیریز، افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دے دی
ان کی برق رفتار اننگز کے باوجود متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو 38 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یو اے ای کے کپتان نے 54 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں 110 چھکے مارے ہیں دوسری جانب بحیثیت کپتان روہت شرما نے 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے،اس طرح انہوں نے روہت شرما کو چھکوں کے حوالے سے مات دے دی۔
یو اے ای کے کپتان نے اپنی تیز بیٹنگ سے نیوزی لینڈ کے بیٹر مارٹن گپٹل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اس طرح وسیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں ، راشد خان نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ روہت شرما کے پاس ہے انہوں نے 159 میچ کھیل کر 205 چھکے مار رکھے ہیں، یو اے ای کے کپتان نے 80 میچ کھیل کر 176 چھکے مارے ہیں۔
افغانستان اور یو اے ای کے درمیان کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے ابراہیم زاد ران 63 اور صدیق اللہ اتل 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے وسیم 67 اور راہول چوپڑا 52 رنز بنا کر نمایاں رہے، افغانستان میچ میں فتح حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آ گئی ہے، پاکستان دو فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
