اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئندہ سے ہم قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بجائے احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا پارلیمانی اجلاس خیبر پختونخوا (کے پی) ہاؤس میں ہوا۔ اور پارلیمانی پارٹی کے اراکین کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے احکامات پڑھ کر سنائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے عمران خان (Imran Khan) کے احکامات کو درست قرار دیا ہے۔ ہم آئندہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بجائے احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے اراکین قومی اسمبلی سے مختلف بہانوں کے ذریعے نشستیں چھینی گئی ہیں۔ اور ہمارے اراکین کو نااہل قرار دیا گیا۔ جبکہ ہمیں بولنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اگر جشن آزادی منانا چاہیں تو وہ بھی نہیں منانے دیا جاتا۔ ہم بےشمار مشکلات کے باوجود ایوان میں حاضر ہوئے۔ اور ہم نے قومی اسمبلی اجلاس میں اپنے مطالبات کو جمہوری انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ہمیں بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کالاباغ ڈیم کی حمایت کر دی
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت سیلاب زدگان کے لیے کام کر رہی ہے۔ اور ہم بانی پی ٹی آئی (PTI) سے درخواست کریں گے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز کی اپیل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قوم سے امید رکھتے ہیں۔ کہ اس مشکل وقت میں لوگوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہوں گے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال ہے اور ان علاقوں میں بیماریاں بھی پھیل رہی ہوں گے۔ ہم اقوام متحدہ سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کریں۔
اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاق کا بھی فرض ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کرے۔
