اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جمعہ کو ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں نے اب تک آپس میں 7 میچز کھیل رکھے ہیں۔ جن میں سے 4 میچز میں پاکستان کامیاب رہا جبکہ 3 میچز افغانستان نے جیتے ہیں۔
سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں جمعہ کو شارجہ کے میدان میں مدمقابل ہوں گی۔ کرکٹ ماہرین افغانستان کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔
اس سیریز کو آئندہ ماہ شیڈول ایشیا کپ سے قبل ایک اہم تیاری سمجھا جا رہا ہے۔ 2024 میں افغانستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ اور کرکٹ ماہرین اس بار راشد خان کی قیادت میں افغانستان کی ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔
شارجہ کی سست پچز کو افغانستان کے لیے فائدہ مند سمجھا جا رہا ہے۔ افغان ٹیم نے 5 اسپنرز اسکواڈ میں شامل کیے ہیں۔ جن میں نوجوان اے ایم غضنفر بھی شامل ہیں۔ راشد خان اور مجیب الرحمان نے شارجہ میں شاندار ریکارڈ بنایا تھا۔ دونوں نے مجموعی طور پر 43 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
اس کے علاوہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی اور نوجوان اسپنر نور احمد بھی حریف بیٹرز کے لیے مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے بھی ماہر اسپن باؤلرز کو اسکواڈ میں شامل کر رکھا ہے۔ ابرار احمد، صوفیان مقیم، محمد نواز، کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب باؤلنگ کا حصہ ہوں گے۔ جبکہ کوچ مائیک ہیسن نے اس بار نئے بیٹرز کو تیز اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ ، اماراتی بورڈ نے بھارت کی جانب سے پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کے خدشات رد کر دیے
پاکستان نے حالیہ میچوں میں ملی جلی کارکردگی دکھائی ہے۔ بنگلہ دیش کو ہوم سیریز میں کلین سوئپ کیا لیکن ڈھاکہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ تاہم ایک روزہ سیریز میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یکم ستمبر کو یو اے ای اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ جوڑ پڑے گا جبکہ 2 ستمبر کو پھر افغانستان اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔
اسی طرح یو اے ای کا پاکستان کے ساتھ دوسرا مقابلہ 4 ستمبر جبکہ افغانستان کے ساتھ 5 ستمبر کو ہو گا۔ جبکہ 2 سرفہرست ٹیموں کے درمیان فائنل 7 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
