چین میں ایک والد نے بڑے بھائی سے جھگڑا کرنے پر اپنے کم سن بیٹے کو شاہراہ پر تنہا چھوڑ دیا۔
سوشل میڈیا پر موٹر سائیکل ٹریول انفلوئنسر نے بچے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں تقریباً سات یا آٹھ سالہ بچہ سنکیانگ کی قومی شاہراہ کے کنارے اکیلا کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو میں بچے نے کہا کہ میں نے اپنے بڑے بھائی کو مارا تھا، جس پر والد نے غصے میں آ کر مجھے گاڑی سے اتار دیا۔ ویڈیو میں بچہ سڑک کنارے لفٹ لینے کی کوشش کرتا ہوا بھی نظر آیا۔
پالتو کتے پر رنگین ٹیٹوز، جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں متحرک
انفلوئنسر کے مطابق جب اس نے والد سے رابطہ کیا تو اس نے تسلیم کیا کہ وہ جان بوجھ کر بچے کو چھوڑ گیا تھا اور ماں کو بھیجا ہے کہ وہ واپس جا کر بیٹے کو لے آئے، اسی دوران ہائی وے پر پولیس گشت کر رہی تھی، جس نے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
بعد ازاں والد نے سوشل میڈیا پر بیٹے سے معافی مانگی، لیکن اپنے عمل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف 1.5 کلومیٹر آگے گیا تھا اور بیٹے کو سبق سکھانے کے لیے ایسا کیا۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، صارفین نے والد کے اس عمل پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بچے کو سڑک پر تنہا چھوڑنا انتہائی خطرناک ہے، کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انفلوئنسر اور پولیس وقت پر نہ پہنچتے تو کسی حادثے کا بھی امکان تھا۔
