نارووال میں دریاؤں میں طغیانی اورشدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے سنگین رخ اختیار کرلیا ہے۔
وفاقی وزیراحسن اقبال کے مطابق ضلع بھرمیں کئی دیہات اورمضافاتی علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں جس کے پیش نظر حالات پرقابو پانے کے لئے پاک فوج کوطلب کرلیا گیا ہے۔
سیلابی صورتحال، حکومت نے اگلے 12 گھنٹے انتہائی اہم قرار دے دیئے
انہوں نے بتایا کہ درجنوں بستیاں زیرِآب آ چکی ہیں جبکہ متعدد افراد محفوظ مقامات پرمنتقل کیے جا رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اورپاک فوج کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں قائم کی جا رہی ہیں اور خوراک وادویات کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، صورتحال نازک ہے اورشہریوں سے اپیل ہے کہ وہ خطرناک علاقوں سے فوری انخلا کریں اورانتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے تاکہ قیمتی جانوں اوراملاک کو بچایا جا سکے۔
