اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل والٹ کا قیام اہم پیش رفت ہے۔ اور کیش لیس اکانومی سے ہی کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی سی پی) کے تحت ڈیجیٹل والٹس کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل والٹ کا قیام اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں بی آئی ایس پی کا اہم کردار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ رمضان میں پہلی بار بی آئی ایس پی مستحقین میں رقوم کی ڈیجیٹل تقسیم ہوئی۔ اور ڈیجیٹل والٹ کا نظام کیش لیس معیشت میں اہم پیش رفت ہے۔ اس سے ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور کی یہ اہم ضرورت ہے کہ ہم پوری معیشت کو جتنی جلدی کیش لیس اکانومی کی طرف لے جائیں گے۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ کام میں تیزی آئے گی اور کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ غازی خان میں فتنہ الخوارج کی دہشتگردی کی سازش ناکام
وزیر اعظم نے کہا کہ بی آئی ایس پی بینظیر بھٹو شہید کے وژن کا عکاس ہے۔ اور محترمہ کی روح کو آج مزید تقویت ملے گی۔ جو اس پروگرام کے حقدار ہیں انہیں بہت شفاف طریقے سے یہ رقوم اس نئے اور جدید نظام کے ذریعے گھر بیٹھے مل جائیں گی۔
