اسلام آباد: سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے مالی پیکج کی منگل ای سی سی سے منظوری لیں گے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن کمیٹی سحر کامران نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے متعلق تحفظات ہیں۔ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے ملازمین بے روزگار ہو رہے ہیں۔ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے ملازمین کے حوالے سے بھی تحفظات ہیں۔
سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ تمام یوٹیلیٹی اسٹورز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کا پیکج منگل کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں پیش کیا جائے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 10 سے 11 ہزار ملازمین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک سبسڈی ملتی رہی یوٹیلیٹی اسٹورز بہترین چلتے رہے۔ اور سبسڈی کے بغیر یوٹیلیٹی اسٹورز کافی نقصان میں ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے مالی پیکج کی منگل کو ای سی سی سے منظوری لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کر لیا
سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے صرف 300 ملازمین کو برقرار رکھا جائے گا۔ اور باقی ملازمین کو خصوصی پیکج کے تحت مراعات دی جائیں گی۔ ہم یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے لیے 27 ارب روپے کا پیکج مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے واجبات 54 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اور منگل کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 27 ارب روپے کا پیکج منظور ہو جائے گا۔ منگل کو ملازمین کے بقایاجات اور وینڈرز کو ادائیگی کے لیے رقم کی منظوری ہو گی۔ اور یوٹیلیٹی اسٹورز بند ہونے سے 12 ہزار ملازمین نوکری سے فارغ ہو جائیں گے۔
