اسلام آباد میں شدید بارش کی پیش نظر مارگلہ ہلز کے تمام اہم ٹریلز کل بند رہیں گے۔
اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر 24 اگست 2025 کو ٹریل 2، 3، 4، 5 اور سیدپور گاؤں کے پیچھے والا ٹریل بند رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی 72 گھنٹوں میں شدید بارش کی وارننگ، ہائیکرز اور وزیٹرز محتاط رہیں۔ مارگلہ ہلز جانے والے شہری کل کسی بھی ٹریل پر جانے سے گریز کریں۔
اسلام آباد میں 24 اگست کو تمام مرکزی ہائیکنگ ٹریلز عام عوام کے لیے بند رہیں گے۔
وزیر اعظم کی بارشوں کے نئے سلسلوں کے پیش نظر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بارشوں کے 2 نئے سلسلوں کے پیش نظر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے غذر میں گلوف کے باعث سیلابی صورتحال بننے پر خصوصی احکامات جاری کر دیئے۔ اور رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر ریسکیو ٹیموں اور مقامی رضاکاروں کی پذیرائی کی۔
شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ جبکہ بارشوں کے 2 نئے سلسلوں کے پیش نظر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیریں علاقوں میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں رکھی جائیں۔ جبکہ ندی نالوں اورقدرتی آبی گزرگاہوں کے گرد تعمیرات روکنے کے لیے قومی مہم چلائی جائے گی۔
