وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون، موسمیاتی تبدیلی اور گڈ گورننس سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
سرفراز بگٹی اور جین میریٹ نے امن و امان کی بہتری اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی غیر معمولی چیلنج ہے، بلوچستان میں پہلا کلائمیٹ فنڈ قائم کردیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب سے تباہ شدہ گھروں کا معاوضہ 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے کر دیا
سرفراز بگٹی نے کہا کہ گورننس کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں، غیر ترقیاتی بجٹ سے 14 ارب روپے کی بچت کی گئی، بینظیر بھٹو اسکالرشپ کے تحت طلبا کو مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اخوت کے تعاون سے بلا سود قرض کی فراہمی کا پروگرام متعارف کروارہے ہیں، محکمہ تعلیم میں میرٹ پر 16 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ کی بھرتی کی گئی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے محکموں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، بلوچستان میں پہلی یوتھ پالیسی متعارف کروا دی گئی ہے، چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کا اجرا کردیا گیا ہے۔
