وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری اور قومی ترقی میں چین کے کردار کو سراہتے ہیں۔
یہ بات وزیرِاعظم شہباز شریف نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای سے وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، ڈپٹی وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے چینی وزیرِ خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط کریں گے۔
وزیرِاعظم نے پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بھارت کیخلاف فتح سے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں، شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ آئندہ دورۂ بیجنگ اور تیانجن کا شدت سے منتظر ہوں، دورے میں ایس سی او سربراہی اجلاس اور جنگ عظیم دوم کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کروں گا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، زراعت اور معدنیات میں چین سے تعاون بڑھانا چاہتا ہے، سی پیک پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور خطے کی کنیکٹیوٹی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
