اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر کرپشن کا سب سے بڑا کیس ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کا کیس ہے۔ اور انہیں شفاف ٹرائل کے ذریعے 14 سال کی سزا سنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بتائیں انہوں نے ملک ریاض کو کس طرح پیسے دیئے؟ اور پی ٹی آئی نے اس سے متعلق کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ کابینہ اجلاس میں ایک لفافہ لہرایا گیا اور اس کی منظوری لی گئی۔ جبکہ جن وزرا نے اس وقت لفافے سے متعلق سوالات اٹھائے ان کو نظرانداز کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم، کوئٹہ میں 16 دن بعد موبائل انٹرنیٹ سروس بحال
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جب دامن صاف تھا تو پھر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کا سہارا کیوں لیا؟ ایک کیس میں ضمانت ملنے پر تحریک انصاف جشن منا رہی ہے۔ اور تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں کی ضمانتیں منظور ہوئیں۔ تو کیا یہ لوگ آج بری ہو گئے؟ جواب ہے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جن لوگوں کو ضمانت ملی ان کو بھی سزا ہوئی ہے۔ اور تحریک انصاف والے بتائیں کس بات کا جشن منا رہے ہیں۔ قوم جانتی ہے کہ 9 مئی کے واقعات منصوبہ بندی کے تحت ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہی ہے۔
