بونیر: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک گھر ہے اور ہم سب نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں۔ اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاگو ہوں۔ سیلابی صورتحال کے باعث اموات پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیز کیا جائے۔ بونیر، صوابی، مانسہرہ سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب سے تباہی ہوئی۔ اور سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا میں 350 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2022 میں بھی ایسی آفت آئی تھی جس کے باعث سندھ میں نقصان ہوا تھا۔ جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی 2022 میں سیلاب سے نقصان ہوا تھا۔ وفاق اور صوبائی حکومت نے ملکر آفت کا مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تباہی ہوئی۔ تاہم متاثرین کی بحالی سب کی ذمہ داری ہے۔ اور دنیا کے کسی بھی قانون میں تجاوزات کی اجازت نہیں۔ آبی گزرگاہوں پر تجاوزات سیلاب کا باعث بنیں۔ جبکہ سیلابی پانی پتھروں کے ساتھ آیا تو لوگوں کو سنبھلنے کا وقت ہی نہیں ملا۔ وفاق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد میں کوئی تفریق نہ رکھی جائے۔ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لیے محکمہ مواصلات کی ٹیمیں بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔ اور بونیر کے 47 میں سے 37 فیڈرز بحال کر دیئے گئے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہفتے کے دوران بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وفاقی وزیر اویس لغاری اور سیکرٹری توانائی بونیر میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ملک میں بارشوں کے مزید 2 سلسلے آنے ہیں۔ اب تک سیلاب کے باعث 700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ یہاں دریا کے اندر گھر اور ہوٹلز بنے ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں کے دعوے بارش کے ساتھ بہہ گئے، فاروق ستار
پاک فوج سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردوں کے مقابلے کے علاوہ ملک میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد بھی کر رہی ہے۔ فلاحی ادارے بھی سیلاب متاثرین کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج کو متاثرین کی مدد کا حکم دیا۔ پاکستان ایک گھر ہے اور ہم سب نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔ جبکہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ممالک میں شامل ہے۔
