کینبرا: آسٹریلوی حکومت نے اسرائیل کے دائیں بازو کے سیاستدان سیمخا روتھ مین کا ویزا منسوخ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان سیمخا روتھ مین کو آسٹریلین جیوش ایسوسی ایشن نے آسٹریلیا کے دورے کی دعوت دی تھی۔ لیکن آسٹریلوی حکومت نے روتھ مین کا ویزا ہی منسوخ کر دیا۔
حکومتی فیصلے کے بعد اب اسرائیلی سیاستدان آئندہ تین سال تک آسٹریلیا کا سفر نہیں کر سکیں گے۔
آسٹریلوی وزیر داخلہ ٹونی برک نے کہا کہ آسٹریلیا ایسے افراد کو خوش آمدید نہیں کہے گا جو ’’نفرت اور تقسیم‘‘ کا پیغام پھیلائیں۔ اور آسٹریلیا ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر شخص محفوظ ہے۔ اور ہر کسی کو خود کو محفوظ محسوس کرنے کا حق ہے۔
دوسری جانب آسٹریلین جیوش ایسوسی ایشن نے روتھ مین کی ویزا منسوخی کو ’’سفاکانہ یہود دشمن اقدام‘‘ قرار دیا ہے۔
آسٹریلین جیوش ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو رابرٹ گریگوری نے الزام عائد کیا کہ آسٹریلوی حکومت یہودی برادری اور اسرائیل کو نشانہ بنانے کے ’’جنون‘‘ میں مبتلا ہے۔
واضح رہے کہ روتھ مین اسرائیلی پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔ اور وہ سخت گیر نظریات رکھنے کے باعث بین الاقوامی سطح پر متنازع شخصیت تصور کیے جاتے ہیں۔
