نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک بہت اچھا چل رہا ہے، 26ویں آئینی ترمیم ہضم کر رہے ہیں،کسی 27ویں کی ضرورت نہیں۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معیشت میں بہتری اور استحکام آچکا ہے، شہباز شریف کی قیادت میں بہترین کام ہو رہا ہے۔
بولے کہ بھارت جنگ بندی کی زبانی کلامی خلاف ورزی کر رہا ، ہم الرٹ ہیں ۔ ہم امن پسند ہیں، ہمسایوں کیساتھ پیار محبت سے رہنا چاہتے ہیں۔ افغانستان اور ایران کیساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے کہا ہم نے اپنے اصلی دوست کو اب پہچانا ہے ، بھارت کیساتھ ہماری طرف سے امن قائم رہے گا۔ بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
ن لیگ نے رانا ثنااللہ کو پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ٹکٹ جاری کر دیا
دوسری جانب دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر ہمیش فالکنر نے لندن میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، عوامی روابط مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا، ملاقات میں خطے اور عالمی معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت اُجاگر کی گئی۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات پر برطانوی قیادت کو آگاہ کیا، نائب وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، پاکستان برطانیہ تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے اعلیٰ سطح رابطوں کے تسلسل پر زور دیا، ملاقات میں نئے شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
