اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست میں بات چیت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔ تاہم وزیر اعظم شہباز شریف ساری صورتحال کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادویات، راشن، کیمپس اور دیگر ضروری اشیا امداد کے لیے بھیجی جا رہی ہیں۔ اور یہ ایک قومی ایشو ہے اس پر سیاست بالکل نہیں ہو گی۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں، محکمہ سیاحت پنجاب نے ایڈوائزری جاری کر دی
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ امیر مقام سیلاب متاثرین میں خود امدادی سامان تقسیم کر رہے ہیں۔ اور سیلاب متاثرین کے لیے وفاقی حکومت نے امدادی سامان کے ٹرک روانہ کیے ہیں۔ یہ ایک قدرتی آفت ہے اور انسانی بس میں جو کچھ ہوا تعاون جاری رہے گا۔
27ویں ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم پر تاحال کسی قسم کی کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ صرف میڈیا کے ذریعے 27 ویں ترمیم کے حوالے قیاس آرائیاں سننے کو مل رہی ہیں۔ 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پوری قوم کے سامنے لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم کی کوئی پیشرفت سامنے آئی تو قوم کے سامنے رکھیں گے۔ وزیر اعظم کا مؤقف ہے سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے۔ اور اپوزیشن جماعتوں کو اب بھی میز پر لانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی استحکام اور ترقی کے لیے مذاکرات ضرور ہونے چاہیئیں۔ اور سیاست میں بات چیت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔
