لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو کو ضروری پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی۔
مریم نواز نے کوہ سلیمان روڈ کوئیوں میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لیے پیشگی انتظامات اور مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور کوہ سلیمان کے اضلاع میں خصوصی اقدامات کا حکم دیا۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مری اور متصل علاقوں کی طرف سیاحتی سفر پر پابندی پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے پاس وسائل موجود ہیں، کسی کی مدد کی ضرورت نہیں، علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ پنجاب نے کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر سیاحوں کی نقل وحمل محدود کرنے کی ہدایت کی۔ اور پی ڈی ایم اے پنجاب کو دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ جبکہ آبی گزر گاہوں کے ارد گرد آبادیوں کے لیے کشتیاں،لائف جیکٹس اور دیگر سامان فراہم کر دیا گیا۔
مریم نواز نے دریاؤں، نہروں، ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر نہانے پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اور کہا کہ دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کے فوری انخلا کو یقینی بنایا جائے۔ جبکہ دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں پر پولیس پٹرولنگ کی جائے۔ والدین بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں۔
