راولپنڈی: فلڈ ریلیف آپریشن کے لیے پاک فوج کے مزید دستے بونیر پہنچ گئے۔
فوج کی کور آف انجینئرز کے اسپیشل آلات کے ذریعے کیچڑ کے نیچے دبے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جائے گا۔ پاک فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
علاوہ ازیں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز میں راشن اور دیگر سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔ اور سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب پاک فوج نے سیلاب کے دوران بہہ جانے والے باجوڑ اور دیر کو ملانے والے انتہائی اہم پُل کی تنصیب کے لیے کام شروع کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج کی کور آف انجینئرز کے دستے ضروری سازو سامان سے لیس ہوکر باجوڑ روانہ ہوئے۔ جہاں پر نئے پُل کی تعمیر شروع کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر کی جیلوں میں خطرناک قیدیوں کی وی وی آئی پی ملاقاتوں پر پابندی عائد
پاک فوج کی کور آف انجینئرز کے دستے دن رات کام کریں گے اور نئے پل کی تنصیب کا کام چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
پاک فوج کی جانب سے نیا پل بنانے کے بعد باجوڑ اور دیر کا منقطع رابطہ فوراً بحال ہو جائے گا۔
