گلگت بلتستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی،10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق جاں بحق افراد میں دوبچے اور خاتون بھی شامل ہے،صرف غذر میں 8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔
دیامر میں 2 بہن بھائی جاں بحق، 2 افراد زخمی ہو گئے،ضلع غذر کے 37 مقامات پر سیلابی صورتحال ہے،ترجمان گلگت بلتستان کے مطابق گندلو کے مقام پر شاہراہ ریشم اور شاہراہ بابوسر لوشی کے مقام پر سڑک بحال کر دی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں بارشیں اور سیلابی صورتحال،خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، نشیبی علاقے کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شگر میں سیلاب کے باعث 2 درجن سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں، شگر کی تحصیل گلاب پور کے کئی دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں، بندو، خورید اورچھومک کے علاقے سیلاب سے متاثر ہیں۔
شگر میں سیلاب کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سیلاب کی وجہ سے فصلیں بھی زیر آب آ گئی ہیں، گلگت بلتستان میں مزید بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں سے مختلف واقعات میں 33 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
