اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات اور اصلاحاتی ایجنڈے سے تاجر برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی کاروباری اداروں کے ملکی معاشی سمت پر اعتماد سے متعلق گیلپ سروے بزنس کانفیڈینس انڈیکس رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری اداروں کا معیشت پر اعتماد اور بلند سطح پر پہنچنا انتہائی خوش آئند ہے۔ سروے کے مطابق 2024 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں ملکی معاشی سمت کا اسکور منفی 2 پر آگیا۔
انہوں نے کہا کہ گیلپ سروے کے نتائج ملکی سیاسی و اقتصادی صورت حال میں استحکام کے عکاس ہیں۔ جبکہ حکومتی اقدامات اور اصلاحاتی ایجنڈے کی بدولت سے سسٹم میں شفافیت آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللہ کی پی ٹی آئی سے 14 اگست کو احتجاج نہ کرنے کی اپیل
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور اصلاحاتی ایجنڈے سے تاجر برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ اصلاحات نے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں۔ اور میکرو اکنامک اصلاحات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ 100 انڈیکس ایک لاکھ 47 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو عبور کر گیا ہے۔ اور حکومت کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری برادری سے مشاورت کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
