اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے یوم آزادی کے دن احتجاج نہ کرنے کی اپیل کر دی۔
وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ 14 اگست کا دن معرکہ حق کی کامیابی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس لیے پی ٹی آئی کو اپنا احتجاج ایک دن پہلے یا پھر ایک دن بعد میں رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ ن لیگ نواز شریف ایکسٹینشن کے خلاف ہیں۔ اور 27ویں ترمیم ابھی زیر غور بھی نہیں۔ تاہم ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں پر 14اگست کو دھرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا مقدمہ درج
واضح رہے کہ 6 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں پارٹی کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ملک میں جاری فاشزم کے خلاف پوری قوت سے سڑکوں پر نکلے۔
عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ہونے والا پیغام 5 اگست کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد سامنے آیا تھا۔
