اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنان پر 14 اگست کو دھرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 14 اگست کو دھرنے کی منصوبہ بندی کا مقدمہ شہزاد ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں امن عامہ ایکٹ سمیت 8 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہاسٹل سٹی میں تقریباً 40 پی ٹی آئی کارکنان دھرنے کے حوالے سے اجلاس کر رہے تھے۔ اور پولیس کے چھاپے پر پی ٹی آئی کارکنان سے بینرز اور ڈنڈے برآمد ہوئے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس چھاپے کے دوران اشتعال انگیز نعرے بازی بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: سیاست کی آڑ میں ملک کو کمزور کرنا ہرگز قابل معافی نہیں، بیرسٹر دانیال چودھری
درج مقدمے کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان 14 اگست کو دھرنے میں شامل ہونے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ جبکہ پولیس کو دیکھ کر پی ٹی آئی کارکنان نے مزاحمت کی اور پولیس پر دھاوا بول دیا۔
واضح رہے کہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پولیس نے چھاپے کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔
