سیالکوٹ: استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آپریشن سندور میں ناکامی مودی کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ایک خوشحال پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔ اور انہوں نے اپنے خون سے آزادی کی لکیر کھینچی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو قائد اعظم کے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔ ہمارے افواج کے نوجوانوں نے نہ صرف بارڈر پر سینہ تان کر وطن کا دفاع کیا۔ بلکہ ملک کی ترقی میں ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ علامہ اقبال نے پاکستانی قوم اور بالخصوص نوجوانوں کو اپنی شاعری سے جگایا۔ اور آج بھی پوری قوم قائد اعظم کے حقیقی پاکستان کی متلاشی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز میں مذاکرات کامیاب، ٹرانسپورٹرز کا احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ
ملکی مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور سہولیات میسر نہیں۔ حالانکہ پوری قوم کو حق ہے انہیں بنیادی سہولیات میسر ہوں۔ حقوق کی لڑائی لڑنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور میں ناکامی مودی کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔ اور جنگ میں شاندار فتح پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ آج ہم آزادی کے ساتھ ساتھ اپنی فتح کا جشن بھی منا رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بہادری سے مقابلہ کیا۔ اور ہم نے دشمن کو پیغام دیا کہ ملکی دفاع کے لیے ہم سب متحد ہیں۔
