اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ نظام عملاً آئینی ہے اور نہ قانونی۔ اس وقت ملک میں عملاً مارشل لا لگایا ہوا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کل شوشہ چھوڑا جا رہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم لائی جا رہی ہے۔ 27 ویں آئینی ترمیم کا جو شو شہ آرہا ہے اس پر وکلا تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔ اور ہم نے تہیہ کیا ہے پارلیمان کے اندر اور باہر سب فورمز کو استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے میرے نام کے حوالے سے باتیں درست نہیں ہیں۔ تاہم ہمیں امید ہے عمر ایوب جلد واپس آئیں گے اور وہی اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے معاشی لحاظ سے ابھی بہت آگے جاناہے، گورنر سندھ
اسد قیصر نے کہا کہ میرٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات سنے جائیں۔ اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ و قومی اسمبلی کو جیسے نااہل کیا، یہ تماشہ بنایا گیا، دنیا میں اراکین اسمبلی کا استحقاق بھی ہے اور وہ جیل کا دورہ بھی کر سکتا ہے۔ کیا رکن اسمبلی کو جیل جانے سے روکنا خلاف قانون نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام فیصلے عملاً انتظامیہ کے دباؤ کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ مقدمات میرٹ پر سنے جائیں تو ان مقدمات میں کچھ نہیں رکھا۔ مجھے خدشہ ہے کہ ملک ایک شدید انارکی کی طرف جا رہا ہے۔
