کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں ہم نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کسی سے کم نہیں۔ اور ہم نے اس کا ثبوت بھی دیا کہ کئی گنا بڑے ملک کو پچھاڑ کر دکھا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں۔ 10 مئی کو افواج پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا کر تاریخ رقم کی۔ اور بھارت نے جب پاکستان کو چھیڑا تو ہم نے بھرپور جواب دیا۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارت کو اپنی طاقت پر غرور تھا جسے افواج پاکستان نے خاک میں ملایا۔ بھارت طاقت کی بنیاد پر خطے میں بالادستی ثابت کرنا چاہ رہا تھا۔ لیکن پاکستان نے خطے میں بھارت کی بالادستی ختم کر دی۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے 10 مئی کو جو انہیں دھول چٹائی وہ اپنے زخم چاٹ رہے ہیں۔ اور ہم وہ قوم ہیں جنہوں نے جنگ دیکھی اور فتح بھی دیکھی ہے۔ بھارت کو پتہ لگنا چاہیئے کہ جیت کا جشن کیسا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں کوئی آوازایسی نہیں جو عوامی مسائل پر بات کرسکے، حافظ نعیم
گورنر سندھ نے کہا کہ راحت فتح علی خان کو ہم نے بلایا۔ اب عاطف اسلم اور علی ظفر بھی پرفارم کریں گے۔ یہ جشن معرکہ حق کا جشن ہے ہمیں اس ٹیلنٹ پر فخر ہے۔ اور معرکہ حق میں جیت کے بعد اگلا معرکہ معیشت ہے۔ پاکستان معاشی لحاظ سے بہتر ملک بننے جا رہا ہے۔ اور ہم نے پاکستان کی معیشت کو بہت اوپر لے کر جانا ہے۔
