لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ساجد قریشی نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے پی ٹی آئی رہنما ساجد قریشی نے ملاقات کی۔ اور ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔
اس موقع پر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر 5 اگست کو تحریک انصاف کی احتجاجی کال کو مسترد کر دیا۔ عوام اور خود پی ٹی آئی کے کارکنان روز روز کے احتجاج اور مظاہروں سے تنگ آ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی کی طرف گامزن ہے اور احتجاجی مظاہروں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی اور حقیقی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑتی۔
یہ بھی پڑھیں: احتجاج میں لوگوں کی عدم شرکت پر پارٹی اور بانی سے بات کروں گا، سلمان اکرم راجہ
ساجد قریشی نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصے سے پی ٹی آئی کا حصہ رہے۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کا رویہ، بیانیہ اور طرز سیاست ملک و قوم کے مفاد کے خلاف ہوتا چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ ایک ایسی جماعت کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو جمہوری اقدار، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام کی علامت ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ ان کی سیاسی جدوجہد اب مثبت سمت میں آگے بڑھے گی۔
