راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وہ کل کے احتجاج میں لوگوں کی عدم شرکت پر پارٹی اور بانی عمران خان سے بات کریں گے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کا ٹرائل مکمل طور پر غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ جبکہ سائفر کیس میں بھی فیملی، میڈیا اور وکلا کو داخلے سے روک دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کی واضح ہدایات ہیں اگر میڈیا، وکلا اور فیملی کو داخلہ نہیں دیا جاتا تو یہ اوپن ٹرائل نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میگا کرپشن اسکینڈل کے حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کل احتجاج میں لوگ کیوں نہیں پہنچے؟ اس پر نہ صرف پارٹی میں بلکہ بانی پی ٹی آئی سے بھی بات کروں گا۔ میں سمجھتا ہوں کل کا دن بڑی حد تک کامیاب رہا۔ تاہم احتجاج اس سے بہتر ہو سکتا تھا اور آئندہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اور محمود خان اچکزئی کل رات 11 بجے تک عمران خان کی بہنوں کے ساتھ چکری انٹرچینج پر رہے۔ اور عمران خان کی کال ہو تو کوئی رکن اسمبلی بغیر معقول وجہ کیسے دور رہ سکتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اگر احتجاج میں شامل نہ ہونے کی کوئی معقول وجہ نہیں تو اس کا جواب دینا پڑے گا۔
