اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میگا کرپشن اسکینڈل کے حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کرپشن کیس میں کل اہم پیشرفت ہوئی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو کل کارروائی کے دوران اہم دستاویزات ملے۔ نئی پیشرفت میں بہت زیادہ رقم کی منی لانڈرنگ سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایک ارب 12 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کے ثبوت ملے ہیں۔ اسپتال کو بطور فرنٹ آفس کے استعمال کیا جا رہا تھا۔ اور اسپتال کی ایمبولینس کو متعلقہ دستاویزات کی ٹرانسپوٹیشن کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ایف آئی اے چھاپے کے دوران بہت سی چیزیں سامنے آئیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ابتدائی تحقیقات ہیں اور مزید رقم سامنے آئے گی۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم باہر بھیج کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا۔ اور منی لانڈرنگ کے ریکارڈ کو جلانے کی کوشش کی گئی۔ تاہم ایف آئی اے ٹیم نے ریکارڈ کو قبضے میں لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر قانونی چیز نہیں تھی تو پھر ریکارڈ کو جلانے کی کیا ضرورت تھی؟ یہ کرپشن کا بہت بڑا کیس ہے اور آنے والے دنوں میں مزید پیشرفت ہو گی۔ اس دھندے میں ملوث افراد خود کو قانون کے حوالے کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کا مقدر اب سازشوں پر نہیں کارکردگی پر لکھا جائے گا، مریم نواز
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ ملک سے باہر بھیجنا غیرقانونی ہے۔ اور میگا کرپشن اسکینڈل کے حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔ دستاویزات کا تجزیہ اور فرانزک کر کے مزید ثبوت سامنے لائے جائیں گے۔ اور ان کو ہر جگہ پر جواب دینا ہو گا۔ جو لوگ مفرور ہیں وہ خود کو قانون کے حوالے کریں۔
انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کے حقوق محفوظ ہیں۔ اور یہ تحقیقات صرف ملک ریاض اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ہو رہی ہیں۔
