لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کا مقدر اب سازشوں پر نہیں بلکہ کارکردگی پر لکھا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنا گھر اپنی چھت پروگرام اور بلا سود قرض فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا گھر اپنی چھت منصوبہ میرے دل کے قریب ہے۔ اور یہ منصوبہ تکمیل کے مرحلے میں ہے۔ 9 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں اور 45 ہزار زیر تعمیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر دن نیا منصوبہ لانچ کرتی ہے۔ اپنا گھر اپنی چھت ہو تو زندگی میں سکون ہوتا ہے۔ اور جب اپنا گھر ہوتا ہے تو کرایہ کی فکر نہیں ہوتی۔ قلیل مدت میں 64 ہزار افراد کو بلاسود قرضے دیئے جاچکے ہیں۔ اور قرضے 9 سال میں واپس کرنے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنا گھر اپنی چھت کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ اور یہ 64 ہزار گھر نہیں بلکہ چلتی پھرتی داستانیں ہیں۔ نواز شریف نے بھی لوگوں کو گھر بنا کر دیئے۔ اگست کے آخر تک قرضوں کو 75 ہزار تک پہنچایا جائے گا۔ جبکہ ماہانہ 35 ہزار کمانے والا اپنا گھر نہیں بنا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں اپنا گھر اپنی چھت جیسے ماڈل کی مثال دی جائے گی۔ اور اپنا گھر اپنی چھت اسکیم کے تحت بلاتفریق گھر بن رہے ہیں۔ اس سال کے آخر تک ایک لاکھ گھر تعمیر ہو جائیں گے۔ اور میں کوشش کروں گی کہ ہر سال ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو ملکی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا پڑے گا، گورنر خیبر پختونخوا
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم میں نواز شریف نے میرا حوصلہ بلند کیا۔ بے زمین لوگوں کے لیے بھی اپنی زمین اپنا گھر منصوبہ لا رہے ہیں۔ اور 2 ہزار پلاٹوں سے اس منصوبے کو شروع کرنے جا رہے ہیں۔ عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل یہ احتجاج کے لیے انتظار کرتے رہے لیکن کوئی آیا ہی نہیں۔ عوام کو اب ترقی کرتا پاکستان چاہیے۔ کیونکہ عوام اب احتجاج اور دھرنوں سے اکتا چکے ہیں۔ عوام نے فسادیوں کے حقیقی چہرے پہچان لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر پاکستان پھر سے ابھر رہا ہے۔ ہم ایک ایک کر کے تمام وعدوں کو پورا کر رہے ہیں۔ اور ملک میں امن کی فضا پھر سے بحال ہوئی ہے۔ باتیں اور تقریریں کرنا بہت آسان ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کا مقدر اب سازشوں پر نہیں کارکردگی پر لکھا جائے گا۔ اور سفارتی محاذ پر پاکستان دوبارہ ابھر رہا ہے۔ عالمی ادارے بھی پاکستان کی معیشت کے مثبت اشارے دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اور نواز شریف بھی وزیر اعظم سے کہتے ہیں کہ عوام کے لیے بجلی سستی کریں۔ گالم گلوچ، گریبان پکڑلو والی سیاست ہماری کارگردگی سے دفن ہو گئی۔
