کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے رواں سال حج اخراجات میں بچ جانے والی رقم حاجیوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کی طالبان حکومت نے ایک حیران کن اور مثبت قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج کے اخراجات میں بچ جانے والی رقم حاجیوں میں تقسیم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیش کی عبوری حکومت نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا
افغانستان کی وزارت حج و اوقاف کے وزیر شیخ نور محمد ثاقب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال عازمین حج کے لیے 8 ارب 27 کروڑ 80 لاکھ افغانی کا بجٹ مختص کیا گیا تھا۔ تاہم انتظامی اخراجات اور سعودی عرب میں مختلف خدمات کی ادائیگی کے بعد 11 ملین سے زائد افغانی رقم بچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ حج اخراجات میں بچ جانے والی رقم واپس قومی خزانے میں جمع کرانے کے بجائے انصاف کے تقاضے کے تحت حاجیوں کو واپس کی جائے گی۔
شیخ نور محمد ثاقب نے کہا کہ 2 لاکھ 80 ہزار افغان حاجیوں کو فی کس 3 ہزار 936 افغانی واپس کیے جائیں گے۔ اور ایسا تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے۔
