ماسکو: روس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر مزید ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کو مسترد کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی حکومت کے دفتر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ایسے بیانات کو درست نہیں سمجھتے۔ روس کا مؤقف واضح ہے کہ کسی بھی خودمختار ملک کو اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تجارتی اور اقتصادی تعاون کے لیے شراکت داروں کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کس سے کس قسم کی تجارت کرنی ہے۔ اور کس سے نہیں کرنی۔ اس کا فیصلہ بھارت خود کرے گا۔ کسی تیسرے ملک کو اپنی مرضی مسلط نہیں کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا بھارت پر آئندہ 24 گھنٹے میں مزید ٹیرف بڑھانے کا اعلان
ترجمان نے کہا کہ ہر ملک کی طرح بھارت کو بھی توانائی اور فوجی ہتھیاروں سمیت کسی بھی چیز کی خریداری کے لیے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے جہاں سے مالی فائدہ ہو وہاں سے خریداری کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر وہ روسی تیل کی خریداری جاری رکھتا ہے تو بھارت کی مصنوعات پر ٹیرف میں نمایاں اضافہ کر دیا جائے گا۔ اور آج بھی ٹرمپ نے کہا کہ وہ بھارت پر ٹیرف کی شرح 25 فیصد سے بھی زیادہ بڑھا سکتے ہیں اور یہ اعلان آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔
