اسلام آباد: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پیپر پھاڑنے اور نعرے لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے جانے والوں کو اچھے الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے۔ ہم سب کو اپنی غلطیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ لیکن اب سیاست میں ایسا وقت آ گیا کہ ایک دوسرے سے ملنے سے ڈر لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا ختم کر دیا ہے۔ حالانکہ شہباز شریف جب اپوزیشن لیڈر تھے اس وقت بھی ہاتھ بڑھایا۔ اور وزیر اعظم نے آج بھی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نفرت میں اتنا آگے چلے گئے ہیں کہ آج ایک ساتھ بیٹھ بھی نہیں سکتے۔ خواجہ آصف نے ٹھیک کہا ہم نے سیاست میں بہت نفرتیں پیدا کر دی ہیں۔ جبکہ ہم بھی نعرے لگاتے اور پیپر پھاڑتے رہے مگر انہوں نے ریکارڈ توڑ دیئے۔ یہ نظام آپس میں مل بیٹھنے سے ہی ٹھیک ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک اپنی غلطیوں کا اعتراف نہیں کریں گے۔ اس وقت تک معاملات آگے نہیں بڑھیں گے۔ ہم ایک دوسرے کا گریبان پکڑیں گے اور بات نہیں کریں گے تو معاملات ایسے ہی چلتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حقائق کی جانچ سپریم کورٹ کا کام نہیں، ہم صرف قانون کی خلاف ورزی کو دیکھیں گے، چیف جسٹس
وزیر قانون نے کہا کہ اربعین زائرین کے بذریعہ سڑک سفر پر پابندی مستقل نہیں بلکہ کچھ ہفتوں یا دنوں کے لیے ہے۔ اور سیکیورٹی کی صورتحال بہتر کرنے کے بعد یہ پابندی ہٹائی جائے گی۔ زائرین کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
