اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے صوبائی حکومتوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے دورہ گلگت بلتستان کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ سیاحتی مقامات کے لیے موسم کے اعتبار سے پیشگی آگاہی کا نظام تشکیل دیا جائے۔ اور مقامی آبادی کو پانی کی قدرتی گزرگاہوں سے دور بحال کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کے پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے۔ جبکہ آئندہ چند ماہ میں پیشگی اطلاعات و مانیٹرنگ کا گلگت بلتستان میں سینٹر بنائیں۔ ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو و مدد کے لیے جامع نظام تشکیل دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پولیس شہداء کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان
شہباز شریف نے کہا کہ مون سون سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے اقدامات کو جلد مکمل کیا جائے۔ جبکہ شاہراہوں اور انفراسٹرکچر کے نقصانات کا سروے کیا جائے۔ تمام علاقوں کے مواصلاتی روابط کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔
انہوں نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور وزارت مواصلات کی کارروائیوں کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے سے صوبائی حکومت کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان سمیت ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کی وسیع استعداد موجود ہے۔
